لاہور: (دنیا نیوز) نائب صدر ن لیگ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ اس وقت ملک جس بھنور میں پھنسا ہوا ہے اس میں سے نوازشریف ہی نکال سکتے ہیں۔
نائب صدر ن لیگ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف نے انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، اس روز ترقی و خوشحالی، اندھیروں اور مایوسی کا مقابلہ ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ ن متحد اور یکسو ہو کر اس الیکشن میں جا رہی ہے، ہمارا نصب العین عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا اور ملک کو دوبارہ سے ترقی کی ڈگر پر ڈالنا ہے، نوازشریف جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے ملک و قوم کی فلاح کے عوامی اقدامات کئے، مہنگائی میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں واحد مسلم لیگ ن ہے جس نے جو کہا وہ کر کے دکھایا، چار سالوں تک بانی پی ٹی آئی نے عوام کو جھانسہ دے کر اقتدار کے مزے لوٹے، کرپشن کا بازار گرم کیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کارکن گھر گھر مسلم لیگ ن کا پیغام لے کر جائیں، کارکن اور ورکرز ہمارا اثاثہ اور دست و بازو ہیں، اس الیکشن میں ان کی انتھک محنت کی بدولت انشا اللہ مسلم لیگ ن جیت کر حکومت بنائے گی۔