پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں لوگوں کی آمدنی ڈبل کر دیں گے: بلاول بھٹو

Published On 18 January,2024 06:07 pm

نوشہرو فیروز: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم عوام کے لیے میدان میں ہیں، آپ پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے جتوائیں، لوگوں کی آمدنی ڈبل کر دیں گے۔

نوشہرو فیروز میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے سلسلے میں آپ کے پاس آیا تھا، آپ نے ساتھ دیا، آپ نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوایا تھا، لانگ مارچ کے سلسلے میں بھی آپ کے پاس آیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک بار پھر آپ کے پاس آیا ہوں، پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے مجھے وزیراعظم نامزد کیا ہے، آپ ہمارا ساتھ دیں وفاق میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، آپ سے وعدہ ہے وزیراعظم بنائیں بیروزگاری ختم کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ جیالے عوام کو بتائیں کہ وہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، مقابلہ شیر اور تیر کا ہے، تیر کو ووٹ دیں، دیگر سیاسی جماعتیں ذاتی دشمنی اور ذاتی مفاد کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں، ہم عوام کے لیے میدان میں ہیں، ہماری حکومت آئی تو مزدور کارڈ، کسان کارڈ، یوتھ کارڈ لے کر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: وزیراعظم نے سکیورٹی وانتظامی امور کیلئے کمیٹی بنا دی

بلاول بھٹو نے کہا کہ نوشہرو فیروز شہر کے لیے خاص پلان ہے، سیلاب سے بہت نقصان ہوا، آپ کی مدد کرنی ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو پاکستان لے کر آیا، گھر بنانے کا منصوبہ سندھ میں شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ گھر بنا کر لوگوں کو مالکانہ حقوق دے رہے ہیں، 50 فیصد تعلیمی ادارے سیلاب میں تباہ ہو چکے ہیں، ان کی ڈویلپمنٹ کا کام کرائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرانا ہے، نوشہرو فیروز یونیورسٹی نہیں ہے، نوشہرو فیروز میں بنائیں گے، این آئی سی وی ڈی بھی بنائیں گے تاکہ عوام کو مفت علاج میسر ہو۔