لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نوازشریف نے این اے 119 سے امیدوار قومی اسمبلی کے طورپر اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر مریم نوازشریف کی الیکشن مہم کے آغاز پر کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کی، ماڈل ٹاؤن نعروں سے گونج اٹھا، سینیٹر پرویز رشید، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، ملک وحید اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 119 کو کبھی نہیں چھوڑوں گی، اس حلقہ میں رہنے والے ہر فرد اور گھرانے کی ترقی میری ذمہ داری ہے، چھ سال ظلم وجبر کے دور میں آپ نے میرا ساتھ دیا، عاجزی سے کہتی ہوں کہ ملک وقوم کی خدمت کی ایک نئی تاریخ رقم کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو حلقہ این اے 119 میں آپ سے ملنے آؤں گی، ہر کارکن نوازشریف اور مریم نوازشریف ہے، میں اپنے آپ کو لیڈر نہیں سمجھتی ہوں، عوام کی خدمت کے لئے نکلی ہوں، ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہتی ہوں، آپ سب اب میری ذمہ داری ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف کا ترقی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے، 8 فروری کو ووٹ صرف نوازشریف اور شیر کو ملے گا، ہر طرف شیر کی آواز ہوگی، جس جماعت میں اتنے شیر اور شیرنیاں ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مسلم لیگ (ن) کو 8فروری کو ملک گیر فتح عطا فرمائے گا۔