لاہور: (دنیا نیوز) انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمہ میں لیگی رہنما مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے ملزموں مریم اورنگزیب، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر کو بری کرنے کا حکم دے دیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس پر محفوظ فیصلہ سنایا، ملزموں میں سابق ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی، ڈائریکٹر نیوز پی ٹی وی راشد بیگ شامل ہیں۔
وکلاء نے عدالت میں بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کئے تھے، ملزموں کے وکیل نے بتایا کہ مقدمہ پانچ روز کی تاخیر سے درج کیا گیا تھا، مقدمے میں بتایا گیا کہ ٹی وی پر اشتعال انگیز گفتگو ہوئی، مقدمے میں ٹی وی چینل کا نام نہیں بتایا گیا، مقدمہ درج کرتے وقت قانونی تقاضوں کا درست جائزہ نہیں لیا گیا۔
ملزموں کے وکیل نے مزید کہا کہ مدعی اپنے بیان سے منحرف ہو چکا ہے کوئی مقدمے کا گواہ نہیں ہے۔