امت میں اتحاد کی ضرورت، صحیح انتخاب کریں، ووٹوں کو ضائع نہ کریں: احسن اقبال

Published On 23 January,2024 10:38 pm

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت امت میں اتحاد کی ضرورت ہے، صحیح انتخاب کریں، اپنے ووٹوں کو ضائع نہ کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے این اے 76 سٹی نارووال میں جلسے سے کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی اور اس کے ساتھیوں نے جو کیا کیا کوئی پاکستانی سوچ سکتا ہے؟ کیا وہ پاکستانی کہلانے کے حقدار ہیں یا نہیں ہیں؟

احسن اقبال نے کہا کہ مسلح افواج جو پاکستان کی جنگ لڑ رہی ہیں، جو ان کی توہین کرے گا کیا یہ قوم اس کو معاف نہیں کرے گی، ایک مذہبی تنظیم بھی یہاں پر ہے، 2018ء میں اس لئے کھڑی کی گئی تاکہ ن لیگ کا ووٹ تقسیم ہو، ہمارے ووٹ تقسیم کرکے 25 سیٹیں ہرائی گئیں، اس کا فائدہ پی ٹی آئی کو پہنچا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی بھی مذہب کے نعرے کو سیاست کے لئے استعمال کرے پسندیدہ کام نہیں ہے، مجھ پر ان کے پیروکار نے گولی چلائی، اس نوجوان کے دماغ میں نفرت بھری گئی، ٹی ایل پی کو کہتا ہوں آؤ سیاست کرو لیکن امت کو تقسیم نہ کرو۔

انہوں نے کہا کہ کیا جو ووٹ کرین کو نہیں دے گے کیا وہ مسلمان نہیں ہیں، یہ تقسیم پیدا کرنا اسلام نہیں ہے، ہمیں کوئی نہ بتائے ہمارا ایمان کیا ہے۔