پیپلزپارٹی انتخابات میں پرانے سارے ریکارڈ توڑے گی: مراد علی شاہ

Published On 23 January,2024 06:49 pm

سیہون: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابات میں پرانے سارے ریکارڈ توڑے گی۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2008ء میں جتنی سیٹیں لیں 2013ء اور 2018ء میں اس سے زیادہ سیٹیں لیں، ایم کیو ایم اس وقت شدید بوکلاہٹ کا شکار ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں نہ صرف پیپلزپارٹی مگر دیگر جماعتوں پر بھی حملے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم ایک ہاری ہوئی جماعت نظر آرہی ہے، سندھ کے عوام 8 فروری کو انکو جواب دیں گے، کراچی کا میئر پیپلزپارٹی کا ہے، اب بھی کراچی سے ہم ہی جیتیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات نہیں لڑے، ڈر ہے کہ وہ اب بھی انتخابات سے بھاگ نہ جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم آزاد لوگوں سے ملکر حکومت بنائیں گے، 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث ہیں ان کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جو ملک کے آئین و قانون کے پابند ہیں ان سے بات چیت کریں گے، بلے کا نشان نہ ملنا پی ٹی آئی کی خود غلطی سے ہوا ہے، ہم سے بھی تلوار کا نشان چھینا گیا تھا مگر ہم نے رونا دھونا نہیں کیا، ہم نے شہید بینظیر بھٹو کو وزیراعظم بنایا، 2002ء میں شہید بینظیر بھٹو کو الیکشن لڑنے سے روکا گیا مگر ہم نے مقابلہ کیا۔