جو حکمران ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے انہیں حکومت کرنے کا حق نہیں: پرویز خٹک

Published On 23 January,2024 06:31 pm

صوابی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ جو حکمران ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے انہیں حکومت کرنے کا حق نہیں۔

تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تو ذہنی بیمار ہے اس کو کسی چیز کا پتہ نہیں، خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ میں نے شروع کیا تھا، بانی پی ٹی آئی تو بے خبر تھا۔

پرویزخٹک نے کہا کہ ہم 150ارب ڈالرکے قرض دار ہیں، سالانہ 3 ارب ڈالربنتے ہیں، بانی پی ٹی آئی صرف امیر لوگوں کیساتھ تعلق بناتا ہے اور پیسے کھانے کے بعد چھوڑ دیتا ہے۔

سربراہ پی ٹی آئی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور مرکز میں بھی حکومت میں نے بنائی تھی، بانی پی ٹی آئی تو کچھ نہیں سمجھتا، خیبرپختونخوا پولیس، سرکاری سکولز اور پٹواریوں کے لئے اصلاحات میں نے کی تھیں، 8 فروری کو میں وزیراعلیٰ اور حکومت پی ٹی آئی پی کی ہوگی۔

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ ماضی میں ہمیں پختون اور اسلام کے نام پر لوٹا گیا، میں نے اپنے دور میں مساجد کے اماموں کی تنخواہیں مقرر کیں۔