پشاور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کے سلسلہ میں ضلع کرم میں تربیت سے غیرحاضر97 خواتین اساتذہ کو معطل کر دیا گیا، اسی طرح 26 خواتین اساتذہ سے تین دنوں کے اندر وضاحت طلب کر لی گئی۔
محکمہ تعلیم زنانہ ضلع کرم نے اس حوالہ سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ، اعلامیہ کے مطابق یہ کارروائی عام انتخابات کیلئے ضلع کرم کے فوکل پرسن کی رپورٹ پرعمل میں لائی گئی ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 33 ہزار 48 پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران میں سے 27 ہزار6 سو کی تربیت مکمل ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق غیرحاضر عملہ کے حوالہ سے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا نے پہلے ہی نوٹس لیا ہے، تربیت سے غیرحاضر عملہ کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی۔
صوبے میں ایک لاکھ 33 ہزار 275 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ و پولنگ افسران کی تربیت مکمل ہوئی ہے، مجموعی طور پر125 تربیتی مراکزمیں ٹریننگ کا عمل جاری ہے۔