مظلوم فلسطینیوں کیلئے 2023ء بدترین نسل کشی کا سال ثابت ہوا

Published On 01 January,2024 06:12 am

غزہ: (ویب ڈیسک) مظلوم فلسطینیوں کیلئے 2023ء نسل کشی کا سال ثابت ہوا، سال کے آخری 3 ماہ کا ہر لمحہ بمباری اور میزائلوں کی زد میں گزرا۔

فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق 1948ء میں نکبہ کے بعد سال 2023ء فلسطینیوں کیلئے بدترین سال رہا، نکبہ کے بعد سال 2023ء میں سب سے زیادہ فلسطینی شہید کیے گئے ہیں۔

2023ء میں غزہ کی فضا بارود کی بو میں ڈوبی رہی، لوگ اپنے بچوں کے زخمی جسم اٹھائے ہسپتالوں میں زندگی کی تلاش میں بھاگتے نظر آئے، ماؤں کی آہوں نے عرش ہلا دیا۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے 2023ء میں وسط دسمبر تک غزہ پر 29 ہزار بم گرائے، غزہ کی تباہی جدید ریکارڈ میں بد ترین تباہی بن رہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 21 ہزار 800 سے بڑھ گئی، زخمیوں کی مجموعی تعداد 56 ہزار 451 ہے، مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں سے سال 2023ء میں 506 فلسطینی شہید ہوئے۔

دوسری جانب مظلوم دعا گو ہیں کہ نئے سال کا سورج اہل فلسطین کیلئے امن و سکون اور اسرائیلی مظالم سے جلد نجات کا پیغام لے کر طلوع ہو۔