اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے مظالم سے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہوئی ہیں۔
ایوان صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے زیر اہتمام خواتین کاروباری شخصیات کی خدمات کے اعتراف کیلئے منعقدہ ایل سی سی آئی وومن انٹرپرینیورز ریکگنیشن تقریب 2024 سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایل سی سی آئی پہلا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہے جس نے کاروباری خواتین کیلئے ایوارڈز کا اہتمام کیا اور دیگر چیمبرز کو بھی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایسا ہی کردار ادا کرنا چاہیے، ایل سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ خواتین کی تربیت اس طرح کرے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی کام کرنے کے قابل ہو سکیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا ہے کہ ایل سی سی آئی نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کی طرف سے شروع کردہ چھاتی کے کینسر اور خصوصی افراد کے حقوق بارے آگاہی مہم سمیت مختلف پروگراموں میں تعاون پر مبنی کردار ادا کیا، اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ آگاہی پروگرام کی وجہ سے خواتین میں بیماری کی جلد تشخیص ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین اکثر شادی کے بعد اپنا پیشہ چھوڑ دیتی ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ ملکی وسائل کو ضائع کر رہی ہیں، خواتین اپنا پیشہ نہ چھوڑیں اور ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں، صدر نے خواتین کو بااختیار بنانے میں لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خواتین کاروباری شخصیات کو ایوارڈز سے بھی نوازا۔