لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔
سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج عوام کا سمندر بتا رہا ہے 8 فروری کی جیت نواز شریف کی ہو گی، ہمارے مخالفین کہتے ہیں ن لیگ باہر نکل کر جلسے نہیں کرتی تو کیا ہم کسی کمرے میں جلسہ کر رہے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہ تیر اور شیر میں کیا فرق ہے؟ میں کہتا ہوں تیر کے اوپر ایک اور نقطہ لگا دیں شیر بن جاتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ یہ جلسہ گواہی دیتا ہے 8 فروری کو مخالفین کا جلوس نکل جا ئے گا، نوازشریف اور مسلم لیگ ن پھر وہی ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع کرے گی، جب نواز شریف پہلی بار وزیراعظم بنے تو معیشت ترقی کرنے لگی، امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے میں 5 ارب ڈالرز کی آفر کی تھی لیکن نواز شریف نے آفر ٹھکرا دی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کا نوجوان نوازشریف کی طرف دیکھ رہا ہے، 8 فروری کو اپنے مخالفین کو ہرائیں گے، نوجوانوں کے لئے جدید تعلیم ہوگی اور یہ نوجوان کسی بھی ملک کا مقابلہ کریں گے، خواجہ آصف نوازشریف کے کلاس فیلو ہیں اور میں ان کا احترام کرتا ہوں، انہوں نے کبھی نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔