لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف حکومت کا تختہ الٹا تو کرپشن کم تھی، بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھ گئی۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے این اے 127 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور والو! آپ جانتے ہو میں تو میرٹ کا بندا ہوں، لیپ ٹاپ سکیم ہو، بھرتیوں کا معاملہ ہو میں میرٹ سے ہٹ کر کام نہیں کرتا، پہلی مرتبہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
— PMLN Punjab (@PMLNPunjabPk) January 30, 2024
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے اس جملے کو لے کر میرا بہت مذاق اڑایا گیا، اللہ کے فضل سے نوازشریف کی قیادت میں لاہور کو خوبصورت شہر بنا کر دکھایا، پھر وہ دور بھی آیا جب اس لاہور شہر کو اجاڑ دیا گیا، موقع ملا تو غریب، نادار اور مستحق مریضوں کو مفت ادویات ملیں گی۔
شہبازشریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن زیادہ ہوئی، یہ مجمع گواہی دے رہا ہے 8 فروری کا سورج ن لیگ کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ اس مرتبہ نوازشریف کا منصوبہ یہ ہے کہ بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم دی جائے گی، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہیں، 8 فروری کو ہیر پھیر نہیں چلے گا، شیر کو ووٹ ڈالنا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں سوئمنگ پولز اور ہر پارک میں ای لائبریری بنائیں گے، لاہور میں 14 سپورٹس کمپلیکس بنانے کا منصوبہ میں نے بنایا تھا۔