کوئٹہ:(دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن ڈے پر بلوچستان کے مختلف علاقوں کے حساس پولنگ بوتھ والے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو عارضی طور پر بند رکھاجائے گا۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی سکیورٹی کے حوالے سے ایسے اقدامات کا مقصد پرامن پولنگ کیلئے عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے جو نگران حکومت اور اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خدشہ ہے پولنگ ڈے پر دہشتگردوں کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مواصلاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے، خطرے کو کم کرنے کیلئے تربت ،مچھ اور چمن سمیت مختلف علاقوں میں انتخابات سے قبل انٹرنیٹ تک رسائی کو محدود کیاجائے گا۔