گجرات: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گوجرانوالہ کے طویل دورے کے بعد گجرات پہنچ گئے، محسن نقوی نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا، استقبالیہ کاؤنٹرز، وارڈز اور مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔
محسن نقوی نے ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت کام کی تکمیل پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ان کی ٹیم کو شاباش دی، نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی، مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں اور مفت ادویات کے بارے میں پوچھا۔
نگران وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے مریضوں نے مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، محسن نقوی نے کہا کہ اپ گریڈیشن سے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی، کم عرصے میں سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال بہتر کی ہے۔
محسن نقوی کو سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔