پشین: پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ ، 12 افراد جاں بحق

Published On 07 February,2024 12:42 pm

کوئٹہ : (دنیانیوز) پشین کے حلقہ پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکا ہوا ہےجس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پشین کے علاقے خانوزئی میں انتخابی امیدوار اسفند یارکاکڑ کے انتخابی دفتر پر خودکش دھماکا ایسے وقت میں ہوا ہے، جب عام انتخابات میں محض ایک روز باقی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے باعث 10 افراد زخمی  ہوئے ہیں جنہیں کوئٹہ کے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ 

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

الیکشن کمیشن کا نوٹس

الیکشن کمیشن نے ضلع پشین میں سیاسی جماعت کے دفتر پر دھماکے کا نوٹس لے لیا ، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی کی بھی  ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے رپورٹ طلب کرلی

نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے پشین پی بی 47میں خودکش دھماکہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں قیمتی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

 میر زبیر جمالی کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا، دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے، اتحاد اور اتفاق سےدشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہو گئی، شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دعا کرتےہیں۔