تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزارتِ عظمیٰ کیلئے نامزد کر دیا

Published On 15 February,2024 02:01 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کر دیا۔

پی پی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ عظمیٰ کیلئے عمر ایوب ہمارے امیدوار ہوں گے جبکہ عاقب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے، سب جانتے ہیں الیکشن میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کا راگ الاپتا ہے، دھاندلی پر واشنگٹن کی خاموشی پر ہمیں تشویش ہے، کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے، پی ٹی آئی ملک بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی، ریلیاں نکالی جائیں گی، بانی پی ٹی آئی آج شام احتجاجی تحریک سے متعلق لائحہ عمل دیں گے۔

خیال رہے کہ اسد قیصر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحادیوں سے متعلق بات کی۔