لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی کی 2 نشستیں مل گئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 اور 51 سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے ولی محمد اور عبدالخالق خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں حکومت سازی: ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب
پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی ملاقات میں موجود تھے، شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد دی اور خیر مقدم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کے لئے کردار ادا کیا، جو لائق تحسین ہے، پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے، مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این اے130: الیکشن کمیشن کا نوازشریف کونوٹس، ریٹرننگ افسر سے جواب طلب
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں، نومنتخب ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔
بعد ازاں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، ذرائع کے مطابق شہباز شریف نجی طیارے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شہباز شریف کی اسلام آباد میں سیاسی ملاقاتوں کا امکان ہے، شہباز شریف کی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔