کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں پی ایس 115 سے پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شاہنواز جدون کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کردی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے بتایا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے وکیل آصف خان نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے کیماڑی کے 10 پولنگ سٹیشن کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی ہے، دوبارہ گنتی میں پیپلزپارٹی کے آصف خان کامیاب ہوئے ہیں، گیارہ فروری کو دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی تھی۔
وکیل امیدوار پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے 13 فروری کو دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، ہم تیار ہیں سندھ ہائیکورٹ کی نگرانی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرالیں۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہائیکورٹ کیوں دوبارہ گنتی کرائے، یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم چاہتے ہیں قانون کے مطابق فیصلہ ہو، الیکشن ٹربیونل بن چکے ہیں، الیکشن معاملات وہیں جائیں گے، ہائیکورٹ، سپریم کورٹ مداخلت نہیں کرسکتی۔