پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان

Published On 22 February,2024 12:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہترین کارکردگی پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، انہوں نے بہترین خدمات پیش کرنے والے افسران و ملازمین میں اسناد تقسیم کیں۔

پی آئی ٹی بی میں تقریب خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی ملک بھر میں بہترین سروسز فراہم کر رہا ہے، پنجاب میں ہر شعبے میں پی آئی ٹی بی کی خدمات کلیدی ہیں، پی آئی ٹی بی نے قلیل مدت میں بہت سے اہم منصوبے مکمل کیے۔

انہوں نے کہا کہ 13 ماہ کے دوران منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کی، منصوبوں کی تکمیل پر پی آئی ٹی بی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، گزشتہ ایک سال میں پی آئی ٹی بی نے لاتعداد منصوبوں کو مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی نے ہسپتالوں کا ایچ آئی ایم ایس نظام مکمل کیا، ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ایپلی کیشنز بنا کر دیں، پی آئی ٹی بی عالمی معیار کے مطابق کام کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہو رہا ہے، دیگر ممالک سے بھی سیف سٹی پراجیکٹ کے منصوبے پی آئی ٹی بی کو ملیں گے۔