لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بیدیاں روڈ پر قائم ایلیٹ پولیس فورس اور پنجاب ہائی وے پولیس کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کامعائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس فورس آفیسرز بلاک، پنجاب ہائی وے پولیس پٹرولنگ آفیسرز بلاک اور دیگر شعبوں کا مشاہدہ کیا، انہوں نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے کنٹرول روم کا وزٹ کیا اور کنٹرول روم سے ہائی وے پٹرولنگ کے سسٹم کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس افسران سے ملاقات کی اور جانفشانی و پروفیشنل انداز سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس نے وزیراعلیٰ کو کنٹرول روم کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں بغیر لائسنس گاڑیاں اورموٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جارہا ہے۔