اسلام آباد: (دنیانیوز) نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، رجب طیب اردوان نے شہبازشریف کو دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔
اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشاءاللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ غزہ اور فلسطین کے تنازعات پر آواز بلند کی جو لائق تحسین ہے ، مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، رجب طیب ایک تجربہ کار رہنما ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان سائپرس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ، ہائی لیول سٹریٹیجی ڈائیلاگ کے ساتویں سیشن میں پاکستان اور ترکیہ مل کر اس حوالے سے مزید پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔