لندن (دنیا نیوز) آکسفورڈ کے طلبہ نے کہا کہ پاکستان ہمارے تصور سے کہیں زیادہ خوبصورت، پرامن اور مہمان نواز ہے، مغربی میڈیا میں پاکستان کی صحیح عکاسی نہیں ہوتی۔
پاکستانی ہائی کمیشن نے آکسفورڈ یونیورسٹی برطانیہ میں زیر تعلیم 25 بین الاقوامی طلبہ کے ایک گروپ کی میزبانی کی جس نے 16 سے 26 فروری 2024ء تک پاکستان کا دورہ کیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبہ نے اپنے تعلیمی سفر کے ایک حصے کے طور پر اسلام آباد اور لاہور کے مختلف اداروں کا دورہ کیا، دورے کے دوران، طلبہ نے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کی طرز حکمرانی، معاشرے اور ثقافت کو سمجھنے کے لئے انٹرایکٹو سیشنز میں مصروف رہے۔
بین الاقوامی طلبہ رائے ساز بنیں، استقامت پسند بنکر پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کریں: ڈاکٹر محمد فیصل
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی مشکلات کے خلاف زبردست استقامت کا حامل ملک ہے، یہ سن کر خوشی ہوئی کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبہ پاکستان سے اس احساس کے ساتھ واپس آئے ہیں۔
انہوں نے کہا یہ طلبہ مستقبل میں رائے ساز بنیں گے، اہم کردار ادا کریں گے اور زندگی بھر پاکستان کا مثبت پہلو پیش کریں گے، پاکستان ہائی کمیشن کیمبرج، ایل ایس ای، کنگز اور امپیریل کالجز سمیت دیگر اعلیٰ یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لئے دوروں کا انتظام کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
پاکستان کے دورہ کے بعد اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بین الاقوامی طلبہ نے کہا کہ پاکستان اس سے کہیں زیادہ خوبصورت اور پرامن ہے جتنا ہم نے سوچا تھا، پاکستانی عوام بہت خوش مزاج اور متحرک ہیں، پاکستان کی ثقافت، کھانے اور جغرافیہ وہ عناصر ہیں جن کا تجربہ دنیا بھر کے دیگر طلبہ کو کرنا چاہئے۔
طلبہ نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کو ایک اہم اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھنا چاہئے جو پائیدار اور پرامن طریقے سے ترقی کا خواہشمند ہے، انہوں نے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا اور دوسرے طلبہ کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبہ کا یہ گروپ گلوبل بزنس، سفارتی مطالعات، بین الاقوامی تعلقات، گلوبل گورننس اور ڈپلومیسی، جغرافیہ اور ماحولیات، سیاست، قدیم اور جدید تاریخ، قانون کی تعلیمات حاصل کر رہا ہے اور یہ طلبہ برطانیہ، ڈنمارک، تاجکستان، لبنان، قازقستان، ناروے، امریکہ، فرانس، جرمنی اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھتے ہیں۔