لندن: (حسیب ارسلان) برطانوی وزیر اعظم کے تجارتی ایلچی ایم پی جیمز ڈیلی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ عالمی معیار کے کھیلوں کا سامان تیار کرتا ہے، اس حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی شراکت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
گریٹر مانچسٹر چیمبر آف کامرس کی طرف سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 10 رکنی وفد کے اعزاز میں نیٹ ورکنگ استقبالیہ دیا گیا، ایس سی او سی کے برطانیہ پر آئے 10 رکنی وفد کے دورے کا اہتمام پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کیا گیا، نیٹ ورکنگ استقبالیہ تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی جیمز ڈیلی تھے۔
ایم پی افضل خان، سی ای او پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (پی بی بی سی) راشد اقبال ، مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد طارق وزیر اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے منسٹر ٹریڈ شفیق احمد شہزاد کے علاوہ مانچسٹر میں مقیم تاجروں اور غیر ملکی تاجروں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
جیمز ڈیلی نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ نے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی ہیں اور برطانیہ کی کھیلوں کی مارکیٹ مینوفیکچررز کے لیے بہت بڑی صلاحیت رکھتی ہے، بطور تجارتی ایلچی وہ سیالکوٹ کو برطانیہ کے تجارتی نقشے پر نمایاں طور پر شامل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں شراکت داری کو فروغ دینے سے پاکستان کے ساتھ کاروبار کو مزید فروغ ملے گا، سٹریٹجک طویل مدتی شراکت داری کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کی ضرورت ہے۔
ایم پی افضل خان نے ایس سی سی آئی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، انہوں نے کہا کہ مانچسٹر میں مقیم 2 لاکھ 30 ہزار پاکستانی سیالکوٹ شہر کے ساتھ تعلق کا ذریعہ بنیں گے، انہوں نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔
منسٹر ٹریڈ شفیق احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوطرفہ تجارت تقریباً 3 بلین امریکی ڈالر سالانہ ہے اور یہ بنیادی طور پر ٹیکسٹائل پر مبنی ہے، برطانیہ نے پاکستانی مصنوعات کے لیے بے پناہ امکانات کی پیشکش کی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن پاکستانی اور برطانوی تاجروں کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔
ایس سی سی آئی کے وفد کی قیادت کرنے والے اکرام الحق نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتیں دنیا بھر میں 100 سے زائد عالمی معیار کے برانڈز کے لیے سامان فراہم کرتی ہیں، سیالکوٹ دنیا کی فٹ بال کی تیاری کا 70 فیصد پورا کرتا ہے اور سالانہ اربوں مالیت کی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔
انہوں نے مانچسٹر میں ان کی میزبانی کرنے پر گریٹر مانچسٹر چیمبر آف کامرس اور برطانیہ میں مقیم تاجروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کی سہولت فراہم کرنے پر پاکستان ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں ایک نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ میں مقیم تاجروں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات بشمول چمڑے کے سامان، آلات جراحی، کھیلوں کے لباس، فٹ بال اور کرکٹ کے بلے اور گیندوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔