لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کوعملی جامہ پہنانے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔
مریم نواز کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے 6 ہفتے میں ماڈل گھر تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
منصوبے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں کم آمدن والے افراد کیلئے گھر بنائے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں کی ڈاؤن پے منٹ اور ماہانہ قسط کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم آمدن والے بے گھر افراد کو بنے بنائے گھر دیئے جائیں گے، غریب کیلئے چھت مہیا کرنا ہمارا منشور ہے، وعدہ ضرور پورا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ بنے بنائے گھروں کی تعمیر میں تعمیراتی معیار اور پائیداری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، کم آمدنی والے لوگوں کیلئے گھر شہروں کے قریب ہوں تاکہ آمدورفت میں آسانی ہو۔