کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری کے بیان پر جے یو آئی سندھ نے ردعمل میں کہا کہ پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ اتنا صاف وشفاف ہے تو حلقے اوپن کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی سندھ سمیع الحق سواتی نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کے دس فیصد حلقے اوپن کرے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، پیپلزپارٹی کو جو خواب دکھائے گئے وہ نوازنے کے باوجود چکنا چور ہوگئے۔
سمیع الحق سواتی نے کہا کہ جے یو آئی برملا کہتی ہے انتخابات میں ملنے والا مینڈیٹ جعلی ہے، ببانگ دھل ہمارا مؤقف ہے کہ خریدا ہوا مینڈیٹ عوامی نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن کی جانب سے سلیکٹڈ فارم 45 کا اجراء جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارم 45 بدترین ٹمپرنگ کرکے جگ ہنسائی کیلئے اپلوڈ کئے، پیپلزپارٹی اپنی پوزیشن واضح کرے کہ میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو کب تک کرے گی، قوم کو زیادہ عرصہ بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا، پیپلزپارٹی اقتدار کے بغیر وجود کھو دے گی۔
سمیع الحق سواتی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 16 ماہ اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد اپنی ہی حکومت سے بیزاری کا اظہار کررہے تھے، آئینہ دکھائیں گے تو برا مان جائیں گے، بچہ بچہ جانتا ہے کہ سندھ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جے یوآئی سندھ نے کہا کہ صوبے کا انفراسٹرکچر تباہ کرنے کے بعد عوامی مینڈیٹ نہیں ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔