کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان میں بارشوں سے 9 افراد جاں بحق، 259 مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں کے دوران بلوچستان میں نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے جانی ومالی نقصان کے اعداد وشمار جاری کردیئے۔
رپورٹ کے مطابق گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں بچوں سمیت 9افراد جان کی بازی ہار گئے ، جاں بحق افراد کا تعلق خاران، کیچ، بارکھان، چمن اور پشین سے ہے۔
پی ڈی ایم اے نے رپورٹ میں کہا ہے کہ بارشوں سے تباہ کاریوں کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں 259 مکانوں مکمل منہدم، 1ہزار 40مکانوں کو جزوی نقصان اور4 سڑکیں تباہ ہوئیں جبکہ ایک پل سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوئیں، گوادر سمیت دیگرمتاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، متاثرہ اضلاع میں ٹینٹ، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہیں۔