کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کابینہ سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے بعد تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
بلوچستان کابینہ تشکیل کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی قائم ہو گئی، ذرائع کے مطابق بلوچستان کابینہ دو مرحلوں میں تشکیل دی جائے گی، پہلے مرحلے میں مسلم لیگ ن کے 5، پیپلز پارٹی کے 3 ، اے این پی اور بی اے پی کا ایک ممبر حلف اٹھائے گا۔
بلوچستان کابینہ میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے، بلوچستان کی مخلوط حکومت میں بلوچستان عوامی پارٹی بھی شامل ہوگی، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے اعلان کے مطابق کابینہ سینیٹ انتخابات کے بعد تشکیل دی جائے گی، بلوچستان کی نئی کابینہ کی تشکیل آئندہ دو روز میں مکمل ہوجانے کا امکان ہے، پی اینڈ ڈی، صحت، سی اینڈ ڈیلبو، زراعت، پی ایچ ای کی وزارتیں مسلم ن لیگ کو دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، تعلیم، ایس اینڈ جی ڈی، لائیو سٹاک، لیبر پیپلز پارٹی کو جبکہ اے این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو بھی ایک وزارت دی جا رہی ہے۔