کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کی فوری تکمیل کے لیے دن رات کام کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے کام کی رپورٹ پیش کی گئی۔
میر سرفراز بگٹی نے اجلاس میں منصوبے پر کام کرنے والی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سریاب شاہراہ کی سروس روڑ پر جلد کام شروع کیا جائے، سروس روڑ ایک سال کے بجائے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کے بروقت اجراء سمیت تمام انتظامی معاونت فراہم کریں گے، ترقیاتی منصوبے کم از کم آئندہ 25 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تشکیل دئیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ محکمہ قانون لینڈ ایکیوزیشن ایکٹ پر نظرثانی کی سفارشات مرتب کرے اور ماس ٹرانزٹ کے لئے ریلوے ٹریک کو استعمال میں لانے کا بھی جائزہ لے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی ریلوے ٹریک کے ارد گرد کی اراضی پر ماس ٹرانزٹ کا بھی جائزہ لے ، کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت شاہراوں پر پروٹیکٹڈ یو ٹرن بنائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کی اہم سائٹس کو کمرشلائزڈ کرکے مینٹی نینس اخراجات پورے کئے جاسکتے ہیں۔