لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس کو افطار سے سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت دیدی

Published On 13 March,2024 10:39 am

لاہور: (دنیانیوز) لاہور ہائی کورٹ نے ریسٹورنٹس کو افطار سے سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

عدالت نے سکولوں کے بچوں کو ہفتے میں ایک روز ماحولیات سے متعلق پریکٹیکل کروانے کی ہدایت کردی، جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سکولز بچوں کے سلیبس میں ماحولیات سے متعلق چیزیں شامل کریں  اور آئندہ سماعت پر سلیبس سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔

عدالت نے ایل ڈبلیو ایم سی سے سکول و کالجز کے بچوں کے ساتھ کمیونٹی سروسز صفائی کی مہم کا حتمی پلان بھی طلب کرلیا۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا ہے کہ سرکاری وکیل کی رپورٹ کے مطابق تمام ٹائر جلانے والے یونٹس کی بجلی کے کنکشن منقطع کردیئے گئے ہیں، خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کی تمام بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔

عدالت نے تحریری حکم میں مزید کہا ہے کہ سرکاری رپورٹ کے مطابق لیسکو اہلکاروں کو درختوں کی کٹائی سے روکنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں، لیسکو سٹاف نے اگر کوئی درخت کاٹنا ہو تو پہلے پی ایچ اے کو آگاہ کرے۔