لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بیڈز پر گندی بیڈ شیٹ دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے پی آئی سی ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور استقبالیہ کاؤنٹر پر صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
مریض کی طرف سے ادویات نہ ملنے کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے جلد گھروں تک میڈیسن سروس شروع کرنے کا بتایا، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی بلاک میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، مریم نواز شریف نے ہر مریض کے پاس جاکر تسلی دی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے خواتین کے وارڈ میں سب سے ہاتھ ملایا اور تیمارداروں کی ان کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے علاج کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
وارڈ میں زیر علاج پشاور کی واجدہ گل وزیراعلیٰ سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، واجدہ گل نے بتایا کہ دل کا علاج کرانے پشاور سے آنا پڑا، یہاں لاہور میں علاج کی سہولتیں اچھی ہیں، وزیراعلیٰ نے ہسپتال حکام کو واجدہ گل کے علاج کے لئے مزید بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نوازشریف نے وارڈ میں نصب اے سی کا پانی زمین پر گرنے کی نشاندہی کی اور صفائی کی ہدایت کی، مریم نواز نے بزرگ خاتون سے پوچھا ”کدوں دے ایتھے آئے او“ بزرگ خاتون نے بتایا کہ ہفتہ ہو گیا ہے، بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ کا ہاتھ پکڑ لیا اور دعائیں دیں۔
بزرگ خاتون نے کہا کہ ’’ساڈا لیڈر نوازشریف اے‘‘ میرا سلام کہنا، مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے کہنے پر آپ کا حال پوچھنے آئی ہوں، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی کاؤنٹر پر نرسز کا مسئلہ سنا اور وزیر صحت کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔