اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم جبکہ ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی۔
اسلام آباد کی ایک، سندھ کی دو اور بلوچستان کی تین خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 9 سے شام 4 بجے تک تھا، نئے سینیٹ اراکین کے انتخاب کیلئے تینوں ایوان کے ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
سینیٹ نشستوں پر ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، یوسف رضا گیلانی نے نوازشریف اور شہبازشریف سے مصافحہ کیا۔
مصافحہ کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نے ووٹ کاسٹ کیا۔
قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہے۔
سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔
بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی 6 نشستیں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں، سینیٹ الیکشن کیلئے جمعیت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور بلوچستان میں اتحاد کر رکھا ہے۔