سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے مراد سعید، اعظم سواتی اور محمود خان کے کاغذات مسترد

Published On 20 March,2024 12:34 pm

پشاور: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے لیے حتمی فہرست جاری کردی، پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، اعظم سواتی اور محمود خان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے  کہ سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا سے 42 میں سے 30 امیدواروں کے کاغذات درست قرار جبکہ 12 کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔

سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ کے لیے اعظم سواتی اور ڈاکٹر حماد محمود چیمہ کے کاغذات مسترد ہوئے ، جنرل نشست پر آصف اقبال،اعظم سواتی،مراد سعید،خرم ذیشان، مسعود الرحمان ،محمد نسیم ،سابق وزیراعلیٰ محمود خان، سجاد حسین ، احمد مصطفیٰ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ۔

خواتین کی نشستوں کےلیے حامدہ شاہد کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں :الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کیلئے ضابطۂ اخلاق جاری کردیا

الیکشن کمیشن نے صوبے میں جنرل نشستوں کے لیے 16، ٹیکنو کریٹ نشستوں کے لیے 8 اور خواتین نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 8 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو سینیٹ کی 48 نشستیں خالی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن ان پر انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، بعدازاں 14 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

 

 

Advertisement