اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی،وفد نے ملاقات کے دوران ریکوڈک منصوبہ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے مواصلات کے انفراسٹرکچر، خصوصاً ریلوے لائن کے حوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری ، ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
شہبازشریف نے وفد کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے جن میں سڑکوں اور مواصلات کے بہتر نظام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
بیرک گولڈ کے وفد نے وزیراعظم شہبازشریف کو ریکو ڈک منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کی فزیبیلٹی اس سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔
وفد کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے کے لئے مقامی اور بلوچستان ڈومیسائل کے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے، کارپوریٹ سوشل رسپانسی بیلیٹی کے تحت ریکوڈک کے قریب تین سکولز قائم کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرک گولڈ کی جانب سے اب تک سو افراد کو فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ملاقات میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔