عدلیہ کی آزادی اور 6 ججز کے خط پر سیاست نہیں ہونی چاہیے: اعظم نذیر تارڑ

Published On 01 April,2024 01:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی اور 6 ججز کے خط پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

اپنے بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے انکوائری کمیشن کی تشکیل اور سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی کو سربراہ انکوائری کمیشن مقرر کرنے پر منتخب وکلاء تنظیموں کی طرف سے اعتماد کے اظہار کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلامیے عدلیہ کی غیر جانبداری کے مظہر ہیں۔

وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سچائی قوم کے سامنے آئے تاکہ مستقبل میں ایسی شکایات پیدا نہ ہوں، شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اور کابینہ عدلیہ کی آزادی کے اصول کی قائل ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور معزز 6 جج صاحبان کے خط پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔