ٹوبہ ٹیک سنگھ : (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو جھگڑے پر خاتون نے 5 بچوں سمیت زہر نگل لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں بچیوں کے رشتے کے تنازع پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، جس میں خاتون نے طیش میں آکر پہلے 5 بچوں کو زہریلی چیز کھلائی اور پھر خود بھی کھالی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاتون اور بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 بچے انتقال کر گئے، خاتون اور ایک بچی کو طبی امداد دی گئی تاہم چند گھنٹے زیر علاج رہنے کے بعد بچی بھی دم توڑ گئی۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں 4 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، مرنے والے بچوں کی شناخت 18 سالہ مدیحہ، 17 سالہ ثانیہ، 16 سالہ اقصیٰ، 10 سالہ اقراء اور 7 سالہ علی حسن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے مبینہ طور پر زہر دینے کے الزام پر شوہر کو حراست میں لے لیا، شوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بچیوں کے رشتے کی وجہ سے بیوی کیساتھ لڑائی جھگڑا رہتا تھا، میری غیر موجودگی میں انہوں نے پتہ نہیں کیا کھایا جب میری فون پر بات ہوئی تو سب الٹیاں کررہے تھے۔