سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ معیشت قرضوں پر نہیں بلکہ سرمایہ کاری پر چلے گی۔
سیاکوٹ میں عید کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کی مہمان نوازی کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرض نہیں سرمایہ کاری چاہیے جس کا فوری نتیجہ مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای اور قطر سے بھی وزیراعظم کی بات ہوگئی ہے، معیشت قرضوں پر نہیں بلکہ سرمایہ کاری پر چلے گی۔
وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی شکل بدل جائیگی، تاریخ میں سٹاک مارکیٹ اوپر گئی، آئی ایم ایف کا جو پیکیج مل رہا ہے شاید آئندہ اس کی ضرورت نہ پڑے، پی ٹی آئی کا لیڈر نوسرباز ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لیڈر نوسرباز ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پاکستانی فارن انویسٹمنٹ بھیجنا بند کردیں لیکن اس کے باوجود فارن ریمیٹنس آئے۔
فلسطین کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کو نہیں بھولنا چاہیے، امریکا سمیت برطانیہ اور یورپی ممالک کا ضمیر سویا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہمیں بھی اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے، ایک طرف فلسطین میں ظلم کی انتہا ہو گئی ہے اور دوسری طرف مسلم امہ کی خاموشی ہے۔