لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل آگیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن الیکشن کمیشن کی وجہ سے نہیں آپ لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ایک ہی دن سینیٹ الیکشن کرانے کی تیاریاں کی تھیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر کے پی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر آنے والے ارکان سے حلف لینے کا حکم دیا لیکن سپیکر کے پی اسمبلی قاسم سوری پارٹ ٹو بن گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں خیبرپختونخوا سے پوری سیٹیں ملنا ہمارا حق ہے: بیرسٹر ڈاکٹر سیف
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پہلے رمضان پیکیج پر خود اپنی تصویریں شائع کروائیں اب خود ہی اس پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ڈرامے بازیاں اور رنگ بازیاں اس جماعت پر ختم ہیں، معلوم بھی نہیں خیبر پختونخوا میں کسی کو رمضان پیکیج ملا ہے یا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر اس کا منجن ضرور بیچا گیا۔