کلرکہار: مسافر بس کھائی میں جاگری، 2افراد جاں بحق، 50 زخمی

Published On 14 April,2024 09:40 pm

کلرکہار: (دنیا نیوز) مسافر بس کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 50 شدید زخمی ہوگئے۔

افسوسناک حادثے کلرکہار میں سرکلاں کے قریب میں پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری، حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 50 شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر آر ایچ سی بوچھال کلاں اور ٹراما سنٹر کلرکہار منتقل کردیا۔

ڈی سی چکوال قرۃ العین ملک نے کہا کہ ٹراما سنٹر کلر کہار میں پہنچ کر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات ٹراما سینٹر میں دی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چکوال کا مزید کہنا تھاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کی تیز رفتاری حادثے کی وجہ بنی، تیز رفتار بس ڈرائیور کنٹرول نہ کر سکا اور بس الٹ کر کھائی میں جاگری، زخمیوں میں 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔