کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ شہر میں بڑے پیمانے پر ہونے والے اربن فلڈنگ اور عوام کو پہنچنے والے نقصانات کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے رکن شاہد رند تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، چیف آف سیکشن محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور سپرنٹنڈنگ انجینئر پی اینڈ ڈی کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کمیٹی کوئٹہ شہر میں اربن فلڈنگ کی وجوہات کے بارے میں پوچھ گچھ کرے گی، کمیٹی ان خامیوں کی نشاندہی کرے گی جن کے باعث کوئٹہ شہر میں اربن فلڈنگ ہوئی، کمیٹی کوئٹہ شہر میں گزشتہ تین سالوں کے دوران سڑکوں اور سیوریج سے متعلق تمام ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کرے گی۔
ترجمان کے مطابق کمیٹی مستقبل میں کوئٹہ شہر میں اربن فلڈنگ کو روکنے کے لئے اقدامات بھی تجویز کرے گی، کمیٹی کو متعلقہ محکموں، دفاتر، افسروں کی طرف سے متعلقہ ریکارڈ اور عملے تک مکمل رسائی دی جائے گی تاکہ وہ ایک جامع فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کر سکیں۔