اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں ، ملکی مفاد کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے ، اپنے سیاسی مفاد اور انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے ملکی مفاد کے خلاف بیان دیا پھر اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے.
عطا تارڑ نے کہا کہ ان کا لیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ایسے عناصر کے لئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش یہ ملک کے مفاد میں بھی بات کر سکیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ ہم پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے، ہمارے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔
عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انشاءاللہ ترقی کرے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھائیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا قیام ملک کے مفاد میں ہے، حکومت کا سب سے اہم مقصد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی بہترین انجینئرنگ یونیورسٹیاں موجود ہیں، ہر سال 50ہزار کے قریب گریجویٹ فارغ التحصیل ہورہے ہیں، ہمیں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔