اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں بانی پی ٹی آئی، علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، علی نواز اعوان، عامر مغل و دیگر اپنے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سردار مصروف ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ اسد عمر تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ سے ڈسچارج ہو چکے ہیں، ہم دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ یہ میری عدالت کا کیس نہیں ہے، فیصلہ نہیں کرسکتا، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بریت کی درخواست دائر کریں، ملزمان میں جب تک نقول تقسیم نہیں ہوتیں اور اس کے بعد چارج فریم نہیں ہوتا تب تک 265 ڈی کی درخواست دائر نہیں کی جاسکتی۔
سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں 40 کے قریب ملزمان ڈسچارج ہوچکے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیسز کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی، رمنا، گولڑہ اور تھانہ سنگجانی میں مقدمات درج ہیں۔