کراچی :(دنیا نیوز) روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تناظر میں ایئرپورٹس کے سٹیک ہولڈرز کو عازمین حج کی آسانی کیلئے انتظامات کی ہدایت کردی گئی۔
کراچی کےجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرروڈ ٹومکہ پراجیکٹ کے تناظر میں قبل ازحج میٹنگ کاانعقاد کیاگیا، پری حج انتظامات کے حوالے سے میٹنگ میں تمام ایئرپورٹ سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس میں ایئرپورٹ پر عازمین حج کے حوالےسےمختلف مراحل کے طریقہ کار پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں سی اے اے، ایئرلائنز،گراؤنڈ ہینڈلرز ایجنسیوں، بارڈر ہیلتھ سروسز، اے ایس ایف، ایف آئی اے، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں روڈ ٹومکہ کےتحت سفرکرنے والےحاجیوں کےٹرمینل میں داخل ہونےسےبین الاقوامی ڈیپارچرسیٹلائیٹ تک مراحل کا جائزہ لیا گیا اور تمام ایئرپورٹ سٹیک ہولڈرز کو عازمین حج کی آسانی اور اس حوالے سے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کو ایئرلائنز اور ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ کے تحت سفر کرنے والے اپنے اپنےعازمین حج کی شناخت کا واضح اور آسان طریقہ کار وضع کرنے سمیت پارکنگ منصوبہ بندی کیلئےایئرلائنزکو اپنااپناحج فلائیٹ شیڈول اورائیرکرافٹ ٹائیپ بروقت فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کو عازمین حج کی صحت کے حوالے سے خصوصی معاونت کے لئے ہمہ وقت تیاررکھا جائے اورایئرپورٹ انتظامیہ کمبائنڈ سرچ کاؤنٹر پر ایجنسیوں کو کم سے کم وقت میں حاجیوں کا سامان چیک کرنے کی ہدایت جاری کرے۔
اس موقع پرڈائریکٹر حج امتیاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ کے حوالے سے سول ایویشن اور کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں صرف سرکاری سکیم کے تحت سفر کرنے والے عازمین حج شامل ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سولہ ہزار سے زائد عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ سے رخصت کیا جائے گا، تقریبا پندرہ ہزار عازمین حج دیگر کمرشل فلائیٹس کے ذریعے بھی کراچی ایئرپورٹ سے سفر کریں گے۔
امتیاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ کمرشل فلائیٹس سے سفر کرنے والے عازمین حج روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہے ، کراچی ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی سکھر سے پانچ اور کوئٹہ سے اکیس ٹرانزٹ حج فلائیٹس بھی آپریٹ ہوں گی، روڈ ٹو مکہ سعودی عملہ کے لئے بین الاقوامی ڈیپارچر سیٹلائیٹ ایریا میں آٹھ کاؤنٹر اور آلات نصب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت کراچی ایئرپورٹ سے پہلی فلائٹ 9 مئی اور آخری 8 جون کو اپریٹ ہوگی، تمام ایجنسیاں عازمین حج کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔