سیالکوٹ :(دنیا نیوز)سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے والدین اور مرحوم بھائی ملک سجاد حیدر اعوان کی روح کے ایصال ثواب کے سلسلہ میں سالانہ محفل ختم پاک منعقد کی گئی، محفل میں علماء کرام ، قراء عظام، نعت خواں حضرات اورعوام الناس نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔
سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو عوامی، رفاہی، فلاحی خدمات کے لئے وقف کر رکھا ہے، میری والدہ مرحومہ شریفاں بی بی کے نام سے منسوب ہسپتال میں سارا سال غریب نادار مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے صدقہ جاریہ کی نیت سے خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپنی والدہ کے نام سے منسوب ہسپتال کو مزید وسعت دیکر بنی نوع اِنسان کی بے لوث خدمت کے لئے کوشاں ہیں۔
ایصال ثواب کی محفل میں پیرزاہ عمر تنزیل المعروف کشمیر والے ، علامہ نسیم عباس نقوی ،رانا ضمیر حسین نقیبی، پروفیسر ثناء اللہ ربانی منہاج القرآن ،پروفیسر احمد قادری ناظم منہاج القرآن ،حافظ احسان الٰہی ،قاری رفیق قادری،ضیغم عباس ،ثاقب رضا قادری ،وفادار حسین ،انتضار حسین ،حافظ زبیر قادری ایڈووکیٹ ،علامہ سلطان احمد فاروقی و دیگر نےاس موقع پر خطاب کیا۔
سید اکرم رضا بغدادی نےاپنے خطاب میں کہا کہ نیک اولاد کے اعمال صالحہ کا ثواب والدین کے لئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کا سبب بنتا ہے ، نیک صالح اولاد بہت بڑا صدقہ جاریہ ہے۔
علامہ بغدادی نے کہا کہ آج جس وسیع پیمانے پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لئے انتظامات کئے اور یہ خدمت کا سلسلہ جاری ہے، اللہ تعالیٰ اسے شرف قبولیت عطا فرما کر انکے متوفین کی کامل مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین ثم آمین ۔
محفل ختم قرآن پاک کے آخر میں دعائے خیر و مغفرت کے بعد وسیع پیمانے پر خیرات ، تقسیم لنگر کے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔