لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے حلقہ این اے 127 میں اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور کارکنان کے مسائل سنے۔
رہنما مسلم لیگ ن عطاءاللہ تارڑ نے کارکنان کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ الیکشن میں وعدہ کیا تھا منتخب ہو کر بھی حلقے کے عوام کے درمیان رہوں گا، میرا حلقہ میرا گھر ہے اور کارکنان خاندان کے فرد کی طرح ہیں، آج بھی نہ صرف حلقہ میں موجود ہوں بلکہ کارکنان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروا رہا ہوں۔
اس موقع پر لیگی رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال، ایم پی اے میاں عمران جاوید اور بی بی وڈیری نے عطاء تارڑ سے افضل حسین تارڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہیں مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام ملے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افضل حسین تارڑ مرحوم ہمارے خاندان کے بڑے اور نہایت شفیق انسان تھے، افضل حسین تارڑ مرحوم کی ملک و قوم اور پارٹی کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔