لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں، عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے ڈبلیو ایچ او کی ریجنل ڈائریکٹر کی ملاقات، مل کر چلنے کا عزم
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں فرض اولین ہے، ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہئے، ینگ آفیسرز کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا، عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، میرے سمیت کسی کی غلط بات نہ مانیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھیں، جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا، ایجوکیشن، ہیلتھ، پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا پنک گیمز کو پورے پنجاب تک پھیلانے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ علاقوں میں 16 روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے، پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں، کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی، ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے، افسر عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔
یہ بھی پڑھیں: دولاکھ مریضوں کو گھرکی دہلیز پرمفت ادویات پہنچائیں گے : وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میرے اسسٹنٹ کمشنرز میری آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں، سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔