اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے شیخ محمد بن زیدالنہیان کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعظم نے مرحوم کے بلندی درجات اور متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں یو اے ای کے شاہی خاندان کیلئے بے پناہ عزت اور احترام ہے، متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قیادت کو سراہتے ہیں، متحدہ عرب امارات کے صدر نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔