لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ 9مئی کو شرپسندوں نےجناح ہاؤس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح ہاؤس میں منعقد ہونے والی شہدا کے لواحقین کے اعزاز میں تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر مریم نواز نے شہدا کی یاد میں شمع روشن کی، تقریب میں موجود شہدا کے بچوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔
جناح ہاؤس لاہور میں تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ 9مئی کو ریاست پر حملہ کیا گیا،9 مئی ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، قائداعظم کی وجہ سے ہم اس ملک میں آزادانہ سانس لے رہے ہیں، شرپسندوں نے 9 مئی کو جناح ہاؤس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مخالفین چاہتے ہیں کہ ہم سے بات چیت کی جائے، وہ سیاسی جماعت نہیں شرپسند ہیں ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے،شہدا کی یادگاروں پرحملہ کرنےوالےسخت سےسخت سزا کےمستحق ہیں، گھناؤنا جرم کرنےوالوں کوچھوڑنےوالی بات نامناسب ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلاؤگھیراؤکرنےوالوں کوسب نےدیکھا، اس حملے کےلیےان لوگوں کودہشت گردوں سےتربیت دلوائی گئی، آج شہدا کی فیملی سےملاقات ہوئی، شہدا کےورثا سےملاقات کےبعد میری آنکھوں میں آنسوآگئے، شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی قوم کےدلوں پرحملہ تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عدلیہ سےسوال کرنا چاہتی ہوں جن لوگوں نےاقتدارکی خاطرفتنہ،فساد کیا ان کوسزائیں کیوں نہیں مل رہیں؟، ایسےلوگوں کوضمانتیں کیوں مل جاتی ہیں، ہمیں کہا جاتا ہےکہ ان سےبات کرویہ دہشت گرد ہےان سےکوئی بات نہیں ہوگی۔