لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رجسٹرار کو سلمان اکرم راجہ کی پٹیشن کو سماعت کیلئے مقرر کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ٹریبونل کیلئے میرا نام بھی تجویز کیا گیا ہے میں یہ کیس کیسے سن سکتا ہوں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ یہ کسی جج کا ذاتی معاملہ نہیں لہٰذا عدالت یہ کیس سن سکتی ہے۔
بعدازاں عدالت نے ججز کو ٹریبونل جج مقرر نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے اضافی ٹریبونلز کی تشکیل کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں چیف الیکشن کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک کے دوسرے صوبوں کی ہائیکورٹس میں الیکشن ٹریبونلز کا تقرر کر دیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اضافی الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھا، الیکشن کمیشن کے اضافی ٹریبونلز تشکیل نہ دینے سے اپیلوں پر سماعت میں تاخیر ہو رہی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ میں اضافی الیکشن ٹریبونل تشکیل دیئے جائیں، انتخابی عذرداریوں کیلئے اضافی الیکشن ٹریبونلز بنانے کا حکم دیا جائے۔