مہمند ڈیم کی مدت تکمیل میں ڈیرھ سال باقی، آدھا کام بھی نہ ہوسکا

Published On 11 May,2024 01:01 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مدت تکمیل میں صرف ڈیرھ سال باقی رہ گیا، دریائے سوات پر مہمند ڈیم کی تعمیرکا آدھا کام بھی نہ ہوا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پانچ برس گزر گئے، مہمند ڈیم کی تعمیری کارکردگی صرف34.15 فیصد رہی، ان تک 309 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے مہمند ڈیم پر 105 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈیم کی تعمیر میں تاخیر سے لاگت میں 2 گنا اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ، 800 میگاواٹ مہمند ڈیم کا افتتاح ستمبر 2019 میں ہوا تھا، 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے والا مہمند ڈیم دسمبر 2025 میں مکمل ہونا تھا۔

سرکاری اعداد وشمار میں لکھا گیا کہ 5 برسوں میں صرف سڑکوں اور رہائشی کالونی کا کام ہی مکمل ہو سکا، ڈیم کے پاور ہاؤس اور سرنگوں کی تعمیری کارکردگی سست روی کا شکاررہی۔