بلوچستان انتہائی اہمیت کا حامل صوبہ، ترقی کی راہ پر ڈالیں گے: وزیراعظم

Published On 13 May,2024 10:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لیے بلوچستان انتہائی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، اُمید ہے نئی کابینہ صوبے کے مسائل حل کرنے اور اسے ترقی کی راہ پر ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت صوبہ بلوچستان کے امور پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر قیادت حکومت بلوچستان کے وفد نے شرکت کی، اجلاس میں صوبہ بلوچستان کے انتظامی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی تک بلوچستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم اور ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جنوبی بلوچستان پیکیج کے اہم منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔